ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کی ایک گجُری دکان میں بھیانک آگ؛ لاکھوں کا مال جل کر خاکستر

بھٹکل کی ایک گجُری دکان میں بھیانک آگ؛ لاکھوں کا مال جل کر خاکستر

Wed, 26 Apr 2017 14:58:28    S.O. News Service

بھٹکل 26 اپریل (ایس او نیوز)  یہاں پورورگاہ، گنیش نگر نیشنل ہائی وے پرواقع گجُری کی ایک دکان کے پچھلے حصے میں خالی زمین پر جمع کرکے رکھے گئے گجُری سامانوں میں بھیانک آگ لگنے سے لاکھوں مالیت کا گجری مال جل کر خاکستر ہوگیا۔ آگ پر قابو پانے کے لئے فائر بریگیڈ کے پسینے چھوٹ گئے، کیونکہ ایک فائر انجن کا پانی ختم ہونے کے بعد دوسری فائر انجن، پھر تیسری اور پھر چوتھی بار فائر انجن میں پانی بھر نے کے بعد آگ کو بجھایا گیا۔

غالباً صبح قریب ساڑھے گیارہ بجے معمولی چنگاری سے آگ پھیلنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے، بارہ بجے لوگوں نے بھیانک کالے دھویں کو دیکھ کر خوف زدہ ہوگئے، کافی دور سے آگ کے شعلے اوربھیانک کالے دھوئوں کو دیکھ کر ابتداء میں کچھ لوگوں کو  شبہ ظاہر ہوا  کہ کہیں نیشنل ہائی وے پر کوئی گیس ٹینکر پھٹ گیا ہوگا، مگر پھر پتہ چلا کہ یہ آگ گجری سامانوں میں لگی ہے۔ 

مقامی لوگوں نے بتایا کہ گجری کا تمام سامان عبدالرزاق بیری کی مالکیت والی دکانوں کا ہے اور گجری کی یہ دکان  قریب 25/30 سالوں سے یہاں قائم ہے۔ عبدالرزاق کے رشتہ داروں نے اس موقع پر الزام لگایا ہے کہ یہ آگ حادثاتی طور پر لگی نہیں ہے، بلکہ کچھ شرپسندوں نے جان بوجھ کر لگائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عبدالرزاق صاحب دو روز قبل ہی عمرہ کی ادائیگی کے لئے گئے ہیں اور اُن کی غیر موجودگی کو دیکھتے ہوئے شرپسندوں نے آگ لگائی ہے۔

آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی کثیر تعداد میں لوگ جمع ہوگئے۔ فائر بریگیڈ کا عملہ بھی فوری موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں لگ گیا، قریب دو بجے آگ پر قابو پایا گیا، البتہ دھواں جاری تھا اور فائرانجن  چوتھی بار پانی بھر کر آگ کی چنگاریوں کو ختم کرنے کی کوشش میں مصروف تھا۔


Share: